صدر ٹرمپ کی ایران معاہدے کی شرائط مزید سخت کرنے کی کوششیں

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے معاہدے کی شرائط کو تبدیل اور مزید سخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے فریقین حتمی فیصلے سے دور ہو گئے ہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے پیش کی گئی تجاویز میں بڑی تبدیلیاں کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جس کی وجہ سے دونوں ممالک فی الحال کسی حتمی معاہدے پر پہنچتے ہوئے نظر نہیں آ رہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے معاہدے کے مسودے میں جو تبدیلیاں کی ہیں، ان کے بعد شرائط پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہو چکی ہیں۔
امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان نئی اور سخت شرائط کے ساتھ معاہدے کا نیا مسودہ دوبارہ ایران کو بھیج دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے امریکہ کو نئی امن تجاویز بھیج دیں، مذاکرات ناکام ہونے پر سخت جوابی کارروائی کا انتباہ
رپورٹ میں اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان تبدیلیوں کی اصل نوعیت کیا ہے اور اس میں کون سی نئی باتیں شامل یا پرانی باتیں نکالی گئی ہیں، لیکن امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کا اصل مقصد ان نکات کو مزید مضبوط بنانا ہے، جنہیں وہ سب سے اہم سمجھتے ہیں، خاص طور پر یہ نکتہ کہ ایران کے پاس موجود جوہری مواد کا مستقبل کیا ہوگا۔
ان نئی ترامیم کی وجہ سے فریقین کے درمیان حتمی معاہدہ ہونے میں اب مزید وقت لگ سکتا ہے اور یہی فیصلہ یہ طے کرے گا کہ جنگ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی یا پھر جاری رہے گی۔
امریکی ذرائع نے فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے ان تجاویز کو حتمی منظوری دینی تھی لیکن جمعے کے روز وائٹ ہاؤس کے اہم اجلاس کے بعد بھی ان کی طرف سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا۔
ان نئی تبدیلیوں کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کئی دن تک لمبی ہو سکتی ہے، جس سے جنگ کا فیصلہ بھی لٹک جائے گا اور تب ہی معلوم ہو سکے گا کہ آیا جنگ مکمل رک جائے گی یا امریکہ دوبارہ ایران پر حملے شروع کر دے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے میں ان کی سب سے پہلی ترجیح یہ ہے کہ ایران کبھی بھی ایٹمی ہتھیار نہ بنا سکے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولا جائے جو اس وقت بند ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








