وزیر اعظم سے صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کی اہم مشاورتی ملاقات

وزیر اعظم سے اسلام آباد میں صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات کے ایک وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت کی ترقی اور آنے والے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے صنعت کاروں اور نامور کاروباری شخصیات نے ملاقات کی، جس میں ملکی معیشت کی ترقی اور نئے مالی سال کے بجٹ سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات سے دوران ملاقات گفتگو میں کہا کہ آپ تمام لوگ پاکستان کے سفیر اور دنیا میں ہماری پہچان ہیں اور حکومت مشکل معاشی حالات میں ساتھ دینے پر پوری کاروباری برادری کی شکر گزار ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور نجی شعبے کی شراکت داری ہی ملکی معاشی ترقی کی اصل ضمانت ہے، اسی لیے پالیسی سازی میں کاروباری برادری سے مشاورت کو انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خلیج کے بحران کے باعث پاکستان کی سمندری تجارت میں اضافہ، کراچی اور گوادر پورٹ سرگرم
وزیر اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور نئے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی اقدامات شامل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت معیشت مستحکم ہوئی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، جبکہ صنعت، زراعت اور شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی سے ملک میں روزگار کے نئے اور وسیع مواقع بڑھیں گے۔
ملاقات کے دوران کاروباری رہنماؤں نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وفد نے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور دستاویزی معیشت کے حکومتی وژن کو سراہا۔
کاروباری وفد نے صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی اور ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگیوں پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملکی معاشی ترقی کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








