اتوار، 14-جون،2026
اتوار 1447/12/28هـ (14-06-2026م)

وفاقی بجٹ عوام دوست ہے، استحکام کیلئے میثاق معیشت کی پیشکش اب بھی برقرار ہے، عطاء تارڑ

14 جون, 2026 13:56

عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اسے عوام دوست اور معاشی استحکام کا ضامن قرار دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شعبے کی جانب سے اس بجٹ پر مثبت بات کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ پر تنقید اور احتجاج کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے، لیکن بجٹ میں شامل اچھے اقدامات کی تعریف بھی ضرور ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے، جس کے تحت 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے فرد پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا، جبکہ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک تنخواہ لینے والوں پر صرف ایک فیصد ٹیکس رکھا گیا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی باتیں کی جاتی تھیں اور شرطیں لگائی جاتی تھیں، بانی پی ٹی آئی کہتے تھے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے والا ہے کوئی سرمایہ کاری نہ کرے، یہاں تک کہ ان کے وزراء نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خطوط لکھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کٹھن وقت میں جب کوئی ملکی معیشت کو ہاتھ لگانے کو تیار نہیں تھا تو شہباز شریف نے ہمت دکھائی اور ریاست کی بقاء کے لیے اپنی سیاست قربان کر دی۔ تاریخ ان کے اس نعرے کو یاد رکھے گی کہ ’’میں ریاست کو بچاؤں گا، مجھے اپنی سیاست کی کوئی پرواہ نہیں‘‘۔

یہ بھی پڑھیں : وسائل سے زیادہ اخراجات کا خمیازہ عوام اضافی ٹیکسوں کی صورت میں بھگت رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی

عطا تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا جب پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی 38 فیصد کی بلند ترین سطح پر تھی، کاش اس وقت ہماری میثاق معیشت کی پیشکش کو مان لیا جاتا۔

وزیر اطلاعات نے معاشی کامیابیوں کے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف، ان کی ٹیم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت مہنگائی اب سنگل ڈیجیٹ پر آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 22 فیصد سے نمایاں کمی کے ساتھ 11 فیصد پر لایا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جو کہ اس وقت 33.9 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں اور ان میں سالانہ 9 فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر آج 17.2 ارب ڈالر کی محفوظ سطح پر ہیں جبکہ آئی ٹی ایکسپورٹس 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جس میں فری لانسز کا حصہ 995 ملین ڈالر ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مالی خسارہ جو 2022 میں 8 فیصد پر تھا، اب کم ہو کر جی ڈی پی کا صرف 0.7 فیصد رہ گیا ہے۔ اپنا گھر اسکیم مڈل کلاس طبقے کے لیے بڑا ریلیف ہے اور ایکسپورٹ لیڈ گروتھ سے ملکی معیشت کو بڑا فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر ایکسپورٹرز کے لیے سپر ٹیکس ختم اور ایڈوانس ٹیکس کم کر دیا گیا ہے، جبکہ شپنگ سروسز پر سیلز ٹیکس 18 فیصد سے کم کر کے صفر کر دیا گیا ہے۔ خواتین کی ہائیجین پروڈکٹس پر بھی "پنک ٹیکس” ختم کر کے اسے 18 فیصد سے صفر کر دیا گیا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کو پذیرائی مل رہی ہے اور پوری دنیا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کی کاوشوں کو سراہ رہی ہے، جس سے سبز پاسپورٹ کی عزت بڑھی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔