جمعہ، 19-جون،2026
جمعہ 1448/01/04هـ (19-06-2026م)

جنوبی لبنان میں اسرائیل کے شدید فضائی حملے، 18 لبنانی شہید، 4 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے

19 جون, 2026 14:18

جنوبی لبنان میں جاری شدید لڑائی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں 18 افراد شہید ہوگئے، جبکہ حزب اللہ کی جوابی کارروائی میں ایک بٹالین کمانڈر سمیت 4 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔

لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کو خطرے میں ڈالتے ہوئے جنوبی لبنان میں رات بھر شدید بمباری کی اور یہ حملے اب بھی جاری ہیں۔ اس دوران ایک کار پر ہونے والے ڈرون حملے میں دو افراد جبکہ ایک اور حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔

دوسری طرف ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ نے شدید لڑائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں آگے بڑھنے کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں کو ڈرونز، راکٹوں اور توپ خانے سے نشانہ بنا کر 4 روز سے جاری اسرائیلی حملے کو پسپا کر دیا ہے۔

اس لڑائی میں 52 ویں بٹالین کے کمانڈر لیفٹیننٹ ڈور گیڈالیا بین سیمحون سمیت 4 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔ اس کشیدگی کی وجہ سے سوئٹزرلینڈ میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مستقل امن مذاکرات بھی تاخیر کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ ایران نے اسرائیلی حملوں کے باعث اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اپنے واحد طاقتور اتحادی پر حملے مت کریں، امریکی نائب صدر کی اسرائیل کو سخت وارننگ

اسرائیل نے ایک نقشہ بھی جاری کیا ہے، جس کے مطابق اس کی افواج لبنان کے اندر 10 کلومیٹر تک موجود ہیں، جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سمندری حدود کی بھی خلاف ورزی ہے اور اس سے لبنان کے قانا گیس منصوبے کے حقوق متاثر ہو سکتے ہیں۔

بیروت سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حزب اللہ اس معاہدے کے بعد خود کو مضبوط سمجھ رہی ہے اور وہ یکطرفہ جنگ بندی قبول نہیں کرے گی۔

اسی دوران امریکی وزارتِ خزانہ نے حزب اللہ کی مبینہ مالی معاونت اور امن عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں متعدد لبنانی حکام اور کاروباری نیٹ ورکس پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ 2 مارچ سے اب تک لبنان میں اسرائیلی حملوں کے باعث 3 ہزار 912 افراد جاں بحق، 11 ہزار 873 زخمی اور 10 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔