بدھ، 24-جون،2026
بدھ 1448/01/09هـ (24-06-2026م)

پنجاب کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کیلئے ہنگامی احکامات جاری

24 جون, 2026 14:51

پنجاب میں متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے ہنگامی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں تمام اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارشوں سے پہلے حفاظتی انتظامات مکمل کریں۔ اسکول کی عمارت، کلاس رومز، چھتوں، نکاسی آب کے نظام اور بجلی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا جائے۔ اگر کسی جگہ کوئی خرابی یا خطرہ موجود ہو تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے۔

حکم نامے کے مطابق تمام پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز اور درجہ چہارم کے ملازمین کو دفتری اوقات میں لازمی طور پر اسکول میں موجود رہنا ہوگا۔ چوکیدار، مالی اور دیگر عملہ صفائی اور پانی کی نکاسی کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کرے گا۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ غیر حاضری یا غفلت کی صورت میں متعلقہ ملازم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

محکمہ تعلیم نے خاص طور پر اسکولوں کی چھتوں کی صفائی پر زور دیا ہے۔ بارش کا پانی جمع ہونے سے چھتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اسی لیے پرنالوں اور نکاسی آب کے راستوں کو صاف رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام خستہ حال عمارتوں، کمزور دیواروں اور پرانے کلاس رومز کا فوری معائنہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ہدایات میں بجلی کے نظام کو بھی محفوظ بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ خراب تاروں، کھلے سوئچز اور شارٹ سرکٹ کے خدشات کو فوری ختم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر کسی اسکول میں حفاظتی انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی حادثہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ اسکول سربراہ پر عائد ہوگی اور اس کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب میں ہر سال مون سون کے دوران شدید بارشیں ہوتی ہیں۔ اس دوران کئی علاقوں میں اسکولوں کی چھتیں ٹپکنے، دیواریں گرنے اور میدانوں میں پانی جمع ہونے جیسے مسائل سامنے آتے ہیں۔ بعض اوقات بجلی کے کرنٹ یا بوسیدہ عمارتوں کی وجہ سے قیمتی جانوں کا بھی نقصان ہو چکا ہے۔ انہی خطرات سے بچنے کے لیے محکمہ تعلیم نے اس بار پہلے سے حفاظتی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔