ایران کا جوابی حملہ، امریکی بحری جہازوں پر میزائل داغ دیئے، بحرین اور کویت میں بھی دھماکوں کی گونج

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کے قریب امریکی بحری جہازوں اور بحرین میں عیسیٰ ایئر بیس کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
امریکہ کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے چند گھنٹے بعد ہی ایران نے جوابی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کی جانب متعدد بحری جہاز شکن کروز میزائل داغے ہیں، جنہوں نے امریکی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اس کے ساتھ ہی بحرین میں واقع عیسیٰ ایئر بیس اور امریکی ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کے اطراف میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس سے خطے میں جنگ کے بادل گہرے ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی فوج کا امریکہ کو انتہائی سخت اور منہ توڑ جواب دینے کا اعلان
پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان کے مطابق ابتدائی جوابی کارروائی میں بحری اور ایرو اسپیس فورسز نے مشترکہ میزائل اور ڈرون آپریشن کے ذریعے بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ، پورٹ سلمان اور کویت میں علی السالم ایئر بیس سمیت پچاسی اہم امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران ایک امریکی ایم کیو نائن ڈرون بھی مار گرایا گیا، جو آپریشن میں مداخلت کی کوشش کر رہا تھا۔
پاسدارانِ انقلاب نے امریکی کارروائی کو جنگ بندی اور باہمی مفاہمت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔
اس ایرانی جوابی کارروائی کے بعد خلیجی ممالک میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ کویت کی فوج نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ ملک کی سرحدوں کی جانب آنے والے معاندانہ میزائل اور ڈرون حملوں کا کامیابی سے جواب دے رہی ہے۔
عسکری حکام نے تصدیق کی ہے کہ کویت بھر میں سنی جانے والی دھماکوں کی آوازیں دفاعی نظام کے ذریعے معاندانہ میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی وجہ سے تھیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












