امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایران میں 80 سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران کے خلاف فضائی حملوں کے تازہ ترین مرحلے میں 80 سے زائد فوجی اہداف کو درست نشانہ بنایا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے جاری بیان میں بتایا کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف فضائی حملوں کا حالیہ راؤنڈ مکمل کر لیا ہے، جس میں جدید ترین ہتھیاروں کے ذریعے 80 سے زائد اہداف پر درست نشانہ لگایا گیا ہے۔
امریکی کمانڈ کے مطابق ان حملوں میں ایران کے فضائی دفاعی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول نیٹ ورکس، ساحلی راڈار سائٹس اور جہاز شکن میزائل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا جوابی حملہ، امریکی بحری جہازوں پر میزائل داغ دیئے، بحرین اور کویت میں بھی دھماکوں کی گونج
اس کے علاوہ آبنائے ہرمز اور اس کے قریبی علاقوں میں اسلامی انقلابی گارڈز کی 60 سے زیادہ چھوٹی کشتیوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے، تاکہ عالمی تجارتی راہداری سے گزرنے والی عالمی تجارت پر ایرانی حملوں کی صلاحیت کو کمزور کیا جا سکے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے واضح کیا کہ یہ کارروائی منگل کے روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے 3 تجارتی جہازوں پر ہونے والے ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی ہے، تاہم ایران نے ان حملوں کی نہ تو تردید کی ہے اور نہ ہی تصدیق کی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اپنے بیان میں ان 3 جہازوں کی شناخت مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والے ٹینکر ال رقیات، سعودی عرب کے جھنڈے والے ٹینکر ودیان اور لائبیریا کے جھنڈے والے ٹینکر سائپرس پروسپیریٹی کے نام سے کی ہے۔
امریکہ نے ان کارروائیوں کو ایرانی افواج کی جانب سے بلاجواز جارحیت اور جنگ بندی کی خطرناک خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، اس لیے امریکی افواج ایران کو جوابدہ بنانے کے لیے تیار کھڑی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











