سولر پینلز کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی

Solar Panel Prices Drop
لاہور کی الیکٹرانکس اور سولر مارکیٹ میں مختلف صلاحیت کی سولر پلیٹس کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق مختلف واٹ کی سولر پلیٹس اب 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک سستی ہو چکی ہیں، جس کے بعد گھریلو اور تجارتی صارفین کی جانب سے خریداری میں دلچسپی دوبارہ بڑھنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اب سولر مارکیٹ پر بھی نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ اور درآمدی اخراجات کم ہونے سے سولر مصنوعات کی قیمتوں میں نرمی آئی ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے ہفتوں میں سولر پلیٹس کی قیمتوں میں مزید کمی بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات کے باعث سولر مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا تھا۔ اس دوران نہ صرف سولر پلیٹس بلکہ بیٹریاں اور دیگر متعلقہ آلات بھی مہنگے ہو گئے تھے، جس سے صارفین کو مکمل سولر سسٹم لگوانے پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی اور مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رہیں تو بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے۔ اس سے گھریلو صارفین، کاروباری اداروں اور زرعی شعبے کو فائدہ پہنچے گا، کیونکہ سولر سسٹم کی مجموعی لاگت کم ہو جائے گی۔
مارکیٹ میں موجود معلومات کے مطابق ماضی میں ایک بیٹری کی قیمت میں تقریباً 27 ہزار سے 38 ہزار روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اب توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ لاگت کم ہونے کے بعد بیٹریاں بھی نسبتاً سستے داموں دستیاب ہوں گی، جس سے سولر انرجی کی طرف رجحان مزید بڑھ سکتا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











