بدھ، 8-جولائی،2026
بدھ 1448/01/23هـ (08-07-2026م)

عالمی ریٹنگز ادارے کے وفد کی وفاقی وزیرِ خزانہ سے ملاقات، پاکستان کی معاشی اصلاحات کی تعریف

08 جولائی, 2026 12:45

وفاقی وزیرِ خزانہ سے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مالیاتی نظم و ضبط کو سراہا گیا۔

پاکستان کی معاشی اصلاحات اور مالیاتی استحکام پر عالمی اداروں کا اعتماد مزید مضبوط ہونے لگا ہے۔ وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے عالمی ریٹنگز ادارے ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔

دوران ملاقات ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، کریڈٹ پروفائل اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگز کے وفد نے پاکستان کی معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط، قرضوں کی پائیداری اور معاشی استحکام کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی تعریف کی اور اعتراف کیا کہ حکومت کی مؤثر پالیسیوں سے معاشی کارکردگی میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی تیل پر امریکی پابندیوں کی بحالی مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی ہے، ایران

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے وفد کو آگاہ کیا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے نفاذ کے بعد پاکستان کے بنیادی معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

انہوں نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافے، بیرونی شعبے کی مضبوطی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کو معاشی استحکام کی سب سے بڑی وجوہات قرار دیا۔

وزیرِ خزانہ نے مزید بتایا کہ مالیاتی خسارے میں کمی، ریکارڈ پرائمری سرپلس اور قرضوں کے بہتر انتظام کی وجہ سے ملک کی مالیاتی پائیداری مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ملاقات میں وفد کو ٹیکسیشن کے نظام، توانائی کے شعبے، سرکاری اداروں کی نجکاری، بہتر گورننس اور مالیاتی نظم و نسق میں جاری وسیع اصلاحات سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت کا تشخص بہتر ہو رہا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔