جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

مفتی تقی عثمانی کا کرپٹو کرنسی سے متعلق اہم فتویٰ سامنے آگیا

10 جولائی, 2026 09:50

پاکستان کے معروف اسلامی اسکالر اور ممتاز مفتی، مفتی محمد تقی عثمانی نے کرپٹو کرنسی سے متعلق نیا شرعی فتویٰ جاری کر دیا ہے۔

اس فتویٰ میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلامی شریعت کی روشنی میں کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت جائز نہیں۔ یہ فتویٰ دارالعلوم کراچی سے وابستہ علما کی جانب سے جاری کیا گیا۔

جاری کردہ فتویٰ کے مطابق یہ حکم صرف کرپٹو کرنسی تک محدود نہیں بلکہ تمام کرپٹو ٹوکنز اور اسٹیبل کوائنز پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ اس میں یو ایس ٹی ڈی (USDT) سمیت دیگر ڈیجیٹل اثاثے بھی شامل ہیں۔

فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ اسلامی اصولوں کے مطابق کسی چیز کو مال یا قابلِ ملکیت اثاثہ قرار دینے کے لیے مخصوص شرائط پوری ہونا ضروری ہیں۔ کرپٹو کرنسی ان شرائط پر پورا نہیں اترتی، اس لیے اسے شرعی اعتبار سے مال نہیں سمجھا جا سکتا۔ اسی بنیاد پر اس کی خرید و فروخت اور سرمایہ کاری کو ناجائز قرار دیا گیا ہے۔

مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے مؤقف میں یہ بھی واضح کیا کہ کسی ڈیجیٹل چیز کا صرف الیکٹرانک شکل میں موجود ہونا اس کے شرعی اعتبار سے مال ہونے کی دلیل نہیں بن سکتا۔ کرپٹو کرنسی، ورچوئل کرنسی، کرپٹو ٹوکن اور اسٹیبل کوائن الگ الگ اصطلاحات ضرور ہیں، مگر حقیقت میں یہ ایک ہی نوعیت کے ڈیجیٹل اثاثے ہیں۔ اس لیے ان کے شرعی احکام میں بھی کوئی فرق نہیں ہوگا۔

فتویٰ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کسی اثاثے کا نام بدل دینے یا نئی اصطلاح استعمال کرنے سے اس کی شرعی حیثیت تبدیل نہیں ہوتی۔ اگر بنیادی نوعیت ایک جیسی ہو تو شرعی حکم بھی ایک ہی رہے گا۔ اسی وجہ سے مختلف ناموں سے متعارف کروائے گئے کرپٹو اثاثے بھی اسی حکم کے تحت آئیں گے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔