جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

فیسکو کا پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کیلئے نیا فیصلہ، 200 یونٹس سے تجاوز پر رعایت ختم

10 جولائی, 2026 09:28

فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کی بلنگ کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

کمپنی نے واضح کر دیا ہے کہ اب پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل صارفین کے بجلی کے بلوں میں کریکشن کے معاملے پر سخت پالیسی اپنائی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد بلنگ کے نظام کو زیادہ شفاف بنانا اور مقررہ قواعد پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

فیسکو کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اگر کسی پروٹیکٹڈ صارف کی بجلی کی کھپت مقررہ 200 یونٹس سے صرف ایک یونٹ بھی زیادہ ریکارڈ ہو جاتی ہے تو اس کے بل میں کسی قسم کی ترمیم یا کریکشن نہیں کی جائے گی۔ اس صورت میں صارف کو جاری کردہ بل ہی ادا کرنا ہوگا اور اسے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے دی جانے والی رعایتی سہولت حاصل نہیں ہوگی۔

کمپنی نے تمام متعلقہ دفاتر، سب ڈویژنل افسران اور بلنگ عملے کو نئی پالیسی پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بلنگ کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، غلط اندراج یا غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی اہلکار کی لاپرواہی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

فیسکو نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کوئی صارف گزشتہ چھ ماہ کے دوران ایک مرتبہ بھی 200 یونٹس کی مقررہ حد عبور کر لیتا ہے تو اس کی پروٹیکٹڈ حیثیت ختم ہو جائے گی۔ اس کے بعد صارف کو رعایتی ٹیرف کے بجائے عام بجلی نرخوں کے مطابق بل ادا کرنا ہوگا، جس سے ماہانہ بل میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔