وفاقی فنڈز میں کٹوتی کا خدشہ، پنجاب اور سندھ نے گندم کی درآمد کے فیصلے سے یوٹرن لے لیا

صوبوں کی جانب سے 10 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کی فرمائش کے بعد اب پنجاب اور سندھ نے اپنے مؤقف سے یوٹرن لے لیا۔
صوبوں کی ابتدائی ڈیمانڈ پر 10 لاکھ ٹن گندم باہر سے منگوانے کا فیصلہ اب تنازع کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ نے گندم کی درآمد سے اپنا نام پیچھے ہٹانے کی درخواستیں کی ہیں۔
اس یوٹرن کی بنیادی وجہ گندم کی درآمد پر آنے والے اخراجات کے بدلے وفاق کی طرف سے صوبوں کے فنڈز میں کی جانے والی کٹوتی بتائی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کا گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم
گندم کی درآمد سے متعلق اب تک تین اعلیٰ سطحی اجلاس ہو چکے ہیں لیکن صوبوں کے متضاد مؤقف کے باعث یہ معاملہ حتمی طور پر حل نہیں ہو سکا ہے۔
وفاق نے ابتدائی طور پر پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کی اپیل پر 10 لاکھ ٹن گندم منگوانے کی منظوری دی تھی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب نے اپنا نام نکالنے کی بات کی، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سندھ نے بھی اپنا نام واپس لینے کی درخواست کر دی۔
15 اگست کے اجلاس میں سندھ نے 5 لاکھ کے بجائے 3 لاکھ ٹن گندم کی طلب پیش کی، جبکہ خیبر پختونخوا نے بھی اپنی طلب 3 لاکھ سے گھٹا کر 2 لاکھ ٹن کر دی ہے۔ پنجاب کا رویہ بھی واضح نہیں ہے، جس کے بعد حکومت نے رواں ماہ ایک اور اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










