ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور فوڈ چینز جانے والے شہری ہوشیار، اہم ہدایت جاری

لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور فوڈ چینز جانے والے شہریوں کے لیے اہم ہدایت جاری کردی ہے۔
اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ کھانے پینے کی خدمات حاصل کرتے وقت ڈیجیٹل رسید ضرور وصول کریں۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق شہریوں کی سہولت اور ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ریسٹورنٹس اور دیگر متعلقہ کاروباری اداروں کی نگرانی کی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں کچن آرڈر، غیر ادا شدہ، پری یا عارضی بل جاری کرنے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ اب صارفین کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی خریداری یا خدمات کے عوض باقاعدہ ڈیجیٹل رسید حاصل کریں۔
ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق فوڈ چینز، ریسٹورنٹس اور کافی شاپس کو متعلقہ ہدایات نمایاں جگہ پر آویزاں کرنا ہوں گی تاکہ صارفین اپنے حقوق اور ضروری تقاضوں سے آگاہ رہیں۔
پی آر اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ریسٹورنٹ، ہوٹل، کافی شاپ یا کسی بھی متعلقہ کاروباری ادارے سے خدمات حاصل کرنے کے بعد فراہم کردہ ڈیجیٹل رسید کو ضرور چیک کریں۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل رسید پر پی آر اے انوائس نمبر اور پی آر اے کیو آر کوڈ موجود ہونا ضروری ہے۔ صارفین کو چاہیے کہ رسید حاصل کرنے کے بعد اس کی تفصیلات بھی ملاحظہ کریں۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ اگر کوئی کاروباری ادارہ ڈیجیٹل یا کارڈ کے ذریعے ادائیگی قبول کرنے سے انکار کرے تو شہری اس کے خلاف متعلقہ حکام کو شکایت درج کراسکتے ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، صارفین کو باقاعدہ رسید کی فراہمی یقینی بنانا اور کاروباری اداروں کی جانب سے ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو بہتر بنانا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










