بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

پاکستان کی معاشی تاریخ میں پہلی بار 17 ارب ڈالر کا قرض وقت سے پہلے ادا کردیا گیا

15 جولائی, 2026 11:36

پاکستان نے معاشی تاریخ میں پہلی بار 17 ارب ڈالر کا قرضہ مقررہ مدت سے قبل واپس کر کے ملکی معیشت کو مضبوط اور جی ڈی پی قرض تناسب 68.5 فیصد کر دیا گیا۔

حکومتِ پاکستان کی مؤثر معاشی حکمتِ عملی اور بہترین مالیاتی پالیسیوں کے باعث ملک فنانشل نظم و ضبط اور اقتصادی استحکام کی ایک نئی اور تاریخی مثال قائم کر رہا ہے۔

پاکستان نے معاشی محاذ پر ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار 722 ارب روپے سے زائد کا قرضہ اپنی مقررہ مدت ختم ہونے سے قبل ہی واپس کر کے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اب تک جو 4 ہزار 722 ارب روپے کا قرضہ مقررہ وقت سے پہلے ادا کیا ہے، وہ تقریباً 17 ارب امریکی ڈالر کے برابر بنتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صرف جاری مالی سال 2026 میں اب تک 2 ہزار 900 ارب روپے کا قرضہ وقت سے پہلے واپس لوٹایا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیٹ فلکس پر پاکستانی ڈراموں کی نمائش میں رکاوٹ بھارتی لابی ہے یا ڈراموں کا معیار؟

مشیر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مالی سال 2026 میں قرضوں کی قبل از وقت ادائیگی کا یہ تناسب پچھلے مالی سال 2025 کے مقابلے میں 62 فیصد زیادہ رہا ہے، جو حکومتی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس قبل از وقت واپس کیے گئے بھاری قرضے میں 51 فیصد حصہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ہے، جبکہ باقی 49 فیصد دیگر تجارتی اور مالیاتی اداروں کا قرض شامل ہے۔

اس بہترین معاشی انتظام کے نتیجے میں پاکستان کا قرضہ برائے جی ڈی پی کا تناسب 75 فیصد سے نمایاں طور پر کم ہو کر اب تقریباً 68.5 فیصد پر آ گیا ہے۔

خرم شہزاد نے واضح کیا کہ اس اعلیٰ انتظامی حکمت عملی کی بدولت عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ملکی مالیاتی استحکام مزید مضبوط ہوا ہے۔

قرضوں کے اس بہترین نظم و نسق کی وجہ سے پاکستان اب ایک انتہائی مضبوط، پائیدار اور کم لاگت والے مالیاتی نظام کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔