منگل، 29-ستمبر،2026
منگل 1448/04/18هـ (29-09-2026م)

چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس اسکیم ابتدائی مرحلے میں ہے۔ ایف بی آر

29 ستمبر, 2026 19:33

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے خصوصی ٹیکس اسکیم اس وقت نفاذ کے ابتدائی مرحلے میں ہے، جس کے دوران تاجروں کو رجسٹریشن کے عمل میں درپیش عملی اور تکنیکی مشکلات کے ازالے اور انہیں ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حکومت پاکستان اور ایف بی آر، تاجر برادری، مارکیٹ نمائندگان اور مختلف تجارتی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اسکیم پر عملدرآمد کو آسان، شفاف اور تاجروں کے لیے با سہولت بنایا جا سکے۔ تاجر برادری کی جانب سے موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ رجسٹریشن کے عمل میں درپیش حقیقی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایف بی آر نے تاجروں سے کہا ہے کہ اگر انہیں خصوصی ٹیکس اسکیم کے تحت رجسٹریشن کے دوران کسی قسم کی تکنیکی دشواری یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ براہ راست ایف بی آر سے رابطہ کریں، جہاں انہیں ضروری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ خصوصی ٹیکس اسکیم چھوٹے دکانداروں کو آسان اور سہولت پر مبنی طریقہ کار کے ذریعے ٹیکس نظام کا حصہ بننے کا ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ اسکیم کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ چھوٹے تاجروں کے لیے کاروباری امور میں آسانی اور ٹیکس معاملات میں زیادہ یقین دہانی پیدا کرنا ہے۔

ایف بی آر نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تاجر برادری اور تجارتی تنظیموں کے مسلسل تعاون سے خصوصی ٹیکس اسکیم اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرے گی اور کاروباری برادری کے لیے ایک کامیاب اقدام ثابت ہوگی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔