جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

سندھ میں 15 ہزار اساتذہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ مانگ لی، صوبائی حکومت مالی بحران کا شکار

22 جولائی, 2026 14:26

سندھ کے محکمہ تعلیم میں 15 ہزار سے زائد اساتذہ کی جانب سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کرائے جانے پر صوبائی حکومت اور محکمہ خزانہ شدید مالی اور انتظامی پریشانی کا شکار ہو گئے۔

سندھ کے محکمہ تعلیم میں ایک ساتھ 15 ہزار سے زائد اساتذہ کی جانب سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ یعنی ارلی ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کرائے جانے کے بعد صوبائی حکومت اور محکمہ خزانہ میں شدید کھلبلی مچ گئی ہے۔

سندھ کی تاریخ میں کسی بھی ایک محکمے سے بیک وقت اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کی جانب سے ریٹائرمنٹ مانگنے کی یہ پہلی اور انوکھی مثال ہے۔

اس غیر معمولی صورتحال کی وجہ سے محکمہ تعلیم اور محکمہ خزانہ کو بھاری مالی بوجھ کا سامنا ہے کیونکہ اتنی بڑی تعداد میں پینشن اور دیگر مراعات کی ادائیگی کے لیے موجودہ بجٹ ناکافی پڑ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کا صوبوں کے درمیان پانی کے مسائل پر ماہرین کی ٹاسک فورس بنانے کا اعلان

اس معاملے پر صوبائی وزیرِ تعلیم سردار شاہ کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کی درخواستیں دینے والے زیادہ تر افراد پرانے بھرتی شدہ وہ اساتذہ ہیں، جو اسکولوں سے مسلسل غیر حاضر رہنے کے عادی تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جب اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی موبائل ایپ متعارف کرائی اور تاخیر سے آنے پر تنخواہوں میں کٹوتی اور مسلسل غیر حاضری پر برطرفی کے سخت احکامات جاری کیے تو ان اساتذہ نے کام کرنے سے بچنے کے لیے یہ راستہ اختیار کیا۔

سردار شاہ کے مطابق جو ملازمین محکمے پر بوجھ بنے ہوئے تھے اور کام نہیں کرنا چاہتے تھے، انہوں نے ایک ساتھ ریٹائرمنٹ کے لیے درخواستیں دے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ اساتذہ ارلی ریٹائرمنٹ کا آپشن نہ چنتے تو ان کے خلاف خراب کارکردگی اور غیر حاضری کی بنیاد پر سخت محکماتی کارروائی عمل میں لائی جانی تھی۔ فی الحال سندھ حکومت ان کیسز سے نمٹنے اور اسکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کر رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔