سندھ حکومت کا صوبوں کے درمیان پانی کے مسائل پر ماہرین کی ٹاسک فورس بنانے کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ماہرین کی ایک ٹاسک فورس بنانے جا رہے ہیں، جو سندھ طاس معاہدے، انڈس واٹر ٹریٹی اور واٹر ایکارڈ کے عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چولستان کینالز پر ہونے والے اجلاس کے واضح فیصلوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے، جبکہ جلال پور کینال پر سندھ کو اعتراضات ہیں اور یہ کیس مشترکہ مفادات کی کونسل میں لے جایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کو ہمیشہ اپنے حصے سے کم پانی ملتا ہے، جس پر ارسا اور ٹیلیمنٹری سسٹم کے طریقہ کار پر بارہا اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں سندھ کابینہ کے اجلاس میں ماہرین کی ایک ٹاسک فورس بنانے جا رہے ہیں، جو سندھ طاس معاہدے، انڈس واٹر ٹریٹی اور واٹر ایکارڈ کے عملدرآمد میں موجود خلا کا جائزہ لے گی۔
گندم کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس سال سندھ میں 4.9 ملین ٹن کی ریکارڈ فصل ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں بھی اچھی پیداوار درج کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کا کراچی کے یونیورسٹی روڈ کی مکسڈ ٹریفک لین کھولنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ ملک میں 17 لاکھ ٹن گندم ہماری ضرورت ہے اور وفاقی اعدادوشمار کے مطابق گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔ ایران اور افغانستان کی سرحدیں بند ہونے کے باوجود ذخیرہ اندوزی کے باعث گندم کی کمی کا سامنا ہے۔ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 لاکھ ٹن سے زائد گندم برآمد کر لی ہے۔
انہوں نے وفاق پر زور دیا کہ گندم باہر سے منگوانے کے بجائے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کی جائے۔ 2024ء میں 3.5 ملین ٹن گندم درآمد کرنے سے کاشتکاروں کو شدید نقصان ہوا تھا، اس لیے اب مناسب قیمت پر فلور ملز کو گندم فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر مارچ میں طے کیے گئے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات برقرار رہیں گے۔
گمشدہ بچوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والدین کی تکلیف کا حکومت کو احساس ہے، پولیس کو ہدایات جاری ہیں اور وزیر داخلہ خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں کیونکہ ملک پہلے ہی مالی بحران کا شکار ہے، اور یقین دلایا کہ حکومت بچوں کی بازیابی کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









