جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ وزیر پیٹرولیم نے وجہ بتا دی

23 جولائی, 2026 09:21

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث قیمتوں سے متعلق فیصلے مشکل ہو گئے ہیں۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال میں تیل کی قیمتوں کا تعین کوئی آسان معاملہ نہیں۔ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں تیل کی قیمتوں کے حوالے سے فوری اور آسان حل موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لے رہی ہے اور قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے مارجن میں اضافے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے۔ ڈیلرز چاہتے ہیں کہ ان کا مارجن 8 فیصد تک بڑھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا دباؤ ہے جبکہ دوسری جانب اگر پیٹرول پمپس سے متعلق مسائل پیدا ہوتے ہیں تو صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ موجودہ حالات میں کسی ایک ملک کے لیے الگ اقدامات کرنا آسان نہیں۔ حکومت یومیہ بنیادوں پر پیٹرولیم قیمتوں کا تعین کر رہی ہے اور عوام کو قیمتوں سے متعلق مکمل معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں یہ خدشات بھی موجود ہیں کہ مستقبل میں ایندھن کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے، اسی لیے تمام معاملات کو احتیاط سے دیکھا جا رہا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے ریفائنری پالیسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مقامی ریفائنریز کو فعال اور جدید بنانے پر کام کر رہی ہے تاکہ خام تیل درآمد کرکے ملک میں ڈیزل اور دیگر مصنوعات تیار کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیزل کی درآمد کم کرنا چاہتی ہے اور ریفائنریز کو اپ گریڈ کرنے کے لیے نئی پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اگر ملک میں ریفائنریز موجود نہ ہوتیں تو موجودہ بحران مزید شدت اختیار کر سکتا تھا۔

اس سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز کے ساتھ پریس کانفرنس میں علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور عالمی خام تیل کی منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مجبوری کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی جانب سے جنگ بندی اور خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔