جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

استعمال شدہ گاڑی خریدنے والوں کیلئے بڑی سہولت، پنجاب ایکسائز نے آن لائن ویریفکیشن سسٹم متعارف کرا دیا

23 جولائی, 2026 09:46

لاہور: استعمال شدہ گاڑی خریدنے والے شہریوں کو فراڈ سے بچانے کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے جدید آن لائن وہیکل ویریفکیشن سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

نئے نظام کے تحت شہری گاڑی خریدنے سے پہلے اس کا مکمل ریکارڈ گھر بیٹھے آن لائن چیک کر سکیں گے، جس سے جعلی دستاویزات، چوری شدہ گاڑیوں اور غلط معلومات پر مبنی خرید و فروخت کے خطرات کم ہوں گے۔

گاڑی خریدنے سے پہلے مکمل ریکارڈ کی تصدیق ممکن

پنجاب میں روزانہ بڑی تعداد میں استعمال شدہ گاڑیوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے، تاہم کئی خریداروں کو رجسٹریشن بک یا فائل کے جعلی ہونے، اصل مالک اور فروخت کنندہ کے نام میں فرق، جبکہ چوری شدہ یا متنازع ریکارڈ والی گاڑیوں جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

محکمہ ایکسائز کے نئے آن لائن سسٹم کے ذریعے خریدار سودا کرنے سے پہلے گاڑی کی ملکیت، رجسٹریشن اور دیگر اہم معلومات کی تصدیق کر سکیں گے۔

پنجاب آن لائن وہیکل ویریفکیشن کا طریقہ

شہری آن لائن گاڑی کی تصدیق کے لیے محکمہ ایکسائز پنجاب کی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں۔

ویریفکیشن کے لیے درج ذیل مراحل مکمل کرنا ہوں گے:

  • محکمہ ایکسائز پنجاب کی ویب سائٹ کھولیں۔
  • گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کریں۔
  • چیسس نمبر درج کریں۔
  • سیکیورٹی کیپچا کوڈ مکمل کریں۔
  • سبمٹ کرنے کے بعد گاڑی کا ریکارڈ حاصل کریں۔

معلومات درج کرنے کے بعد گاڑی سے متعلق تمام دستیاب ریکارڈ اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا، جسے خریدار گاڑی کے مالک کی فراہم کردہ دستاویزات سے موازنہ کر سکتا ہے۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی استعمال شدہ گاڑی کی خریداری سے قبل آن لائن ویریفکیشن ضرور کریں تاکہ مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

محکمہ کے مطابق یہ اقدام گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل میں شفافیت بڑھانے اور شہریوں کو محفوظ سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔