پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، گھر کی مرمت اور توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کا اعلان

How to Get Interest-Free Loans?
پنجاب حکومت نے اپنے گھر کو بہتر بنانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے اہم سہولت فراہم کردی ہے۔
حکومت کی جانب سے اپنی چھت، محفوظ چھت اسکیم 2026 شروع کی گئی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ایسے خاندانوں کی مدد کرنا ہے جو اپنے موجودہ گھروں کی مرمت، تعمیر نو یا توسیع کرنا چاہتے ہیں، لیکن مالی وسائل محدود ہونے کی وجہ سے یہ کام مکمل نہیں کر پاتے۔
اس اسکیم کے تحت شہریوں کو 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ حکومت نے قرضوں کے لیے مختلف کیٹیگریز مقرر کی ہیں۔ اس کا مقصد شہریوں کو ان کی ضرورت کے مطابق مالی مدد فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے گھروں کی حالت بہتر بنا سکیں اور رہائشی سہولتوں میں اضافہ کرسکیں۔
حکومتی پروگرام کے مطابق جو افراد اپنے موجودہ گھر کی چھت کی مرمت کرنا چاہتے ہیں یا گھر کے بنیادی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں، انہیں 5 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس قرض کی واپسی کی مدت 9 سال مقرر کی گئی ہے۔ قرض لینے والے افراد کو تقریباً 4 ہزار 700 روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔
دوسری جانب وہ شہری جو اپنے موجودہ گھر کی توسیع کرنا چاہتے ہیں اور دوسری منزل تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہیں 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض دیا جائے گا۔ اس قرض کی واپسی کے لیے بھی 9 سال کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اس کی ماہانہ قسط تقریباً 9 ہزار 300 روپے ہوگی۔ اس سہولت سے ایسے خاندان فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو اپنے گھر میں مزید جگہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، لیکن تعمیراتی اخراجات پورے کرنا ان کے لیے مشکل ہے۔
پنجاب حکومت کی اس اسکیم میں درخواست دینے کے لیے آن لائن سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ دلچسپی رکھنے والے شہری متعلقہ سرکاری پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ درخواست کے عمل میں امیدواروں کو اپنی ضروری معلومات اور مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ درخواست جمع کروانے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے معلومات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
ایسے شہری جو کمپیوٹر یا آن لائن درخواست دینے کی سہولت استعمال نہیں کرسکتے، ان کے لیے بھی متبادل طریقہ رکھا گیا ہے۔ وہ اپنی درخواست ہاتھ سے لکھ کر متعلقہ سرکاری دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے دفاتر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












