ہفتہ، 25-جولائی،2026
ہفتہ 1448/02/11هـ (25-07-2026م)

ایران پر بڑے حملے کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا: امریکی صدر

25 جولائی, 2026 08:20

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ابھی تک ایران پر بڑے پیمانے پر حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، کیونکہ ان کے مطابق تہران اب امریکا کے ساتھ مذاکرات میں "زیادہ سنجیدگی” کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں دونوں جانب سے حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے پورے خطے میں تنازع کے مزید پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

قبل ازیں امریکی ویب سائٹ Axios نے رپورٹ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ ایران کے خلاف ایک بڑے فوجی آپریشن پر غور کر رہے ہیں، تاہم اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا، "ہم اس وقت ایران سے بات کر رہے ہیں، اور میرا خیال ہے کہ وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ زیادہ سنجیدہ ہو رہے ہیں۔”

تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے نزدیک ایران ابھی کسی حتمی معاہدے کے لیے تیار نہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے معاہدہ نہ کیا تو اسے "بہت بڑے پیمانے” پر حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دہرایا کہ اگر ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب پہنچا تو یہ امریکا کی ریڈ لائن ہوگی۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں ایمیزون کے ایک ڈیٹا سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم نہ تو ایمیزون، نہ بحرین اور نہ ہی امریکی حکام نے اس دعوے کی تصدیق کی ہے۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ ہفتے کی صبح ملک میں دوبارہ خطرے کے سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ پرسکون رہیں اور قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

ادھر ٹرمپ نے روس اور چین کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کر رہے۔ ان کے بقول چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس تنازع میں براہ راست شریک نہیں ہوں گے۔

اسی دوران امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے دعویٰ کیا کہ امریکی بحریہ نے ایک آئل ٹینکر کو اس وقت ناکارہ بنا دیا جب وہ مبینہ طور پر ایران جانے کے لیے امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق متعدد انتباہات کے باوجود عملہ نہ رکا، جس کے بعد جہاز کے انجن روم کو نشانہ بنایا گیا، اور ٹینکر کا سفر روک دیا گیا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔