بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، خواتین کو آئندہ قسط کیسے ملے گی؟

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، خواتین کو آئندہ قسط کیسے ملے گی؟
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سے مالی امداد حاصل کرنے والی خواتین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آئندہ قسط کی رقم مستحق خواتین کسی بھی مجاز ریٹیلر یا بینکنگ ایجنٹ سے وصول کرسکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے ادائیگی کا عمل مزید آسان بنانا اور انہیں رقم کے حصول کے لیے غیر ضروری مشکلات سے بچانا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور کے مولوی امیر شاہ میموریل اسپتال میں قائم بینظیر نشوونما سہولتی مرکز کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ماں اور بچے کی صحت اور غذائیت کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام ماں اور بچوں کی بہتر صحت اور مناسب نشوونما کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کو صحت اور غذائیت سے متعلق سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد مستحق خاندانوں کے اعتماد کا ادارہ بن چکا ہے۔ بی آئی ایس پی سے متعلق کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کی جائے۔ غیر مصدقہ معلومات کی وجہ سے مستحق افراد میں بے چینی پیدا ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحقین کو ادائیگیوں میں شفافیت لانے کے لیے بی آئی ایس پی کے مالیاتی نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے ذریعے ادائیگیوں کے عمل کو زیادہ محفوظ اور شفاف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ مستحق خواتین کو ان کی امدادی رقم کسی غیر قانونی کٹوتی کے بغیر براہ راست مل سکے۔
بی آئی ایس پی کی مخصوص ڈیجیٹل سم بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ یہ سم صرف مجاز دفاتر سے جاری کی جا رہی ہے۔ مستحق خواتین کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے اپنی ادائیگیوں اور دیگر ضروری معلومات سے متعلق اپڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔
سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق آئندہ قسط سے مستحق خواتین کو رقم وصول کرنے کے لیے کسی مخصوص مقام تک محدود نہیں رہنا پڑے گا۔ وہ کسی بھی مجاز ریٹیلر یا بینکنگ ایجنٹ کے پاس جاکر اپنی رقم وصول کرسکیں گی۔ اس سہولت سے خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











