حکومت کا کورنگی فشریز ہاربر پر میری کلچر اسٹیٹ کے قیام کا منصوبہ

وفاقی وزیر بحری امور نے بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ پر محیط میری کلچر انویسٹمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ اسٹیٹ قائم کرنے کا منصوبہ پیش کردیا۔
کراچی میں قائم کورنگی فشریز ہاربر ماہی گیری اور فشریز سے متعلق سرگرمیوں کے لیے ایک انتہائی اہم بندرگاہ کا کردار ادا کر رہا ہے، جسے مزید جدید بنانے کے لیے وفاقی وزارت نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس نئے منصوبے کے تحت کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ رقبے پر محیط میری کلچر اسٹیٹ قائم کی جائے گی، جس سے فشریز کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا بھارتی بحری جہاز کی جارحانہ نقل و حرکت پر عالمی برادری سے نوٹس کا مطالبہ
اس مجوزہ میری کلچر اسٹیٹ میں فش فارمنگ، جدید ہیچریز، تحقیقی مراکز، پراسیسنگ پلانٹس اور ویلیو ایڈیشن کی جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس منصوبے کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں 30 ایکڑ میری کلچر زون، 20 ایکڑ ہیچری زون، 20 ایکڑ ایکوا ریسرچ پارک اور 20 ایکڑ پر مشتمل کمرشل ڈسٹرکٹ شامل ہے۔
اس کے علاوہ اس اسٹیٹ میں کولڈ چین، کمرشل سہولیات، جدید انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی کا بہترین نظام بھی قائم کیا جائے گا، جس سے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور ساحلی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو زبردست فروغ ملے گا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











