کراچی کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی

PMD Makes Major Karachi Weather Forecast
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ آسمان پر جزوی بادل چھائے رہیں گے۔ چند علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نمی زیادہ ہونے کے باعث شہریوں کو حبس اور گھٹن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس وقت جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دن کے گرم اوقات میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ صوبے میں 24 سے 27 جولائی کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو خاص احتیاط کرنی چاہیے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے باعث شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
اتھارٹی نے مزید خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بجلی کے کھمبے، سائن بورڈز اور سولر پینلز بھی تیز ہواؤں کی زد میں آ سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران کھلے مقامات اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












