یورپی یونین انسانی حقوق کی نہیں، جنگی جرائم کی سرپرست ہے، ایران

تہران: ایران نے انسانی حقوق کے معاملے پر یورپی یونین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مغربی ممالک انسانی حقوق کے نام پر دوہرا معیار اپنا رہے ہیں جبکہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یورپی یونین ایک جانب انسانی حقوق کی بات کرتی ہے، جبکہ دوسری جانب ایرانی عوام کے خلاف امریکی اور اسرائیلی حملوں کے لیے لاجسٹک اور تکنیکی تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی شہریوں اور اہم قومی تنصیبات کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں پر یورپی یونین نے نہ صرف خاموشی اختیار کی بلکہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت نہیں کی۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی بچوں کے لیے یورپی یونین کی جانب سے ہمدردی کا ایک لفظ بھی سامنے نہیں آیا، جو اس کے انسانی حقوق کے دعووں کی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کا رویہ صرف اس کی ساکھ کو نقصان نہیں پہنچا رہا بلکہ یہ انسانی حقوق کے نام پر کھلی منافقت کی عکاسی بھی کرتا ہے۔
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے عوام، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا اور عالمی برادری کو انسانی حقوق کے معاملے پر یکساں اور غیرجانبدارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
یہ ردعمل یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس کی جانب سے ایران میں انسانی حقوق سے متعلق بیان کے بعد سامنے آیا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











