پیر، 27-جولائی،2026
پیر 1448/02/13هـ (27-07-2026م)

پیسے کا لالچ اور بلیک میلنگ، گرفتار دہشت گرد کے فتنہ الہندوستان کی مجرمانہ کارروائیوں سے متعلق اعترافات

27 جولائی, 2026 15:08

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد حبیب اللہ نے نیٹ ورک کی مالی معاونت، تربیت اور مجرمانہ کارروائیوں سے متعلق اہم اعترافات کرلیئے۔

سیکیورٹی فورسز کے ایک انتہائی اہم آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشت گرد حبیب اللہ نے تنظیم کے اندرونی نیٹ ورک اور اس کے طریق کار سے متعلق سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔

ضلع خضدار کی تحصیل اورناچ کے علاقے سیراندوہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد حبیب اللہ نے اعتراف کیا ہے کہ اسے مالی لالچ اور جھوٹے وعدے دے کر اس نیٹ ورک میں شامل کیا گیا تھا۔

گرفتار دہشت گرد کے مطابق اسے ابتدا میں چنل دشت منتقل کر کے ذہن سازی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد میں سرگڑھ کیمپ میں اسلحہ، بارودی مواد اور گھات لگا کر حملے کرنے کی تربیت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری، ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 16 ہوگئی

اسے حملوں کے بعد شناخت چھپانے اور فرار ہونے کے طریقے بھی سکھائے گئے تھے۔ حبیب اللہ نے انکشاف کیا کہ فتنہ الہندوستان کی پراکسی بی وائے سی کے دھرنوں کے دوران اس کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد وہ اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، خوراک اور ادویات دہشت گرد گروہوں تک پہنچانے کا کام کرتا رہا۔

اعترافی بیان میں دہشت گرد نے بتایا کہ وہ سنارو کیمپ، خضدار، نال اور بیلہ سمیت متعدد حملوں میں براہ راست شریک رہا، جن میں خضدار پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے دوران 2 شہری بھی جاں بحق ہوئے تھے۔ اسے خضدار اور بیلہ کے ان حملوں کے بعد صرف 25 ہزار روپے معاوضہ دیا گیا۔

دہشت گرد نے بتایا کہ دہشت گرد تنظيم نوجوانوں کو خوابوں کا جھانسہ دے کر لاتی ہے اور پھر بلیک میل کرتی ہے تاکہ کوئی واپس نہ جا سکے اور جو کوئی بھی تنظیم چھوڑنے کی کوشش کرے اسے مار دیا جاتا ہے۔ کیمپوں میں کھانے پینے کا کوئی انتظام نہیں ہوتا اور قریبی دیہات میں لوٹ مار کر کے گزراوقات کیا جاتا ہے۔

اس اعترافی بیان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ فتنہ الہندوستان بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں مکمل طور پر ملوث ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔