بدھ، 29-جولائی،2026
بدھ 1448/02/15هـ (29-07-2026م)

بلوچستان حکومت نے دہشت گردی کے سویلین متاثرین کے لیے معاوضہ پیکیج میں بڑا اضافہ کردیا

29 جولائی, 2026 14:18

بلوچستان حکومت کی جانب سے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت دہشت گردی کے سویلین متاثرین کے معاوضہ پیکیج میں تاریخی اضافہ کردیا گیا۔

حکومتِ بلوچستان نے دہشت گردی کے واقعات سے متاثرہ سویلین افراد کی مالی معاونت اور بحالی کو مؤثر بنانے کے لیے معاوضہ پیکیج میں تاریخی اضافہ کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان سویلین وکٹمز آف ٹیررازم (ریلیف اینڈ ری ہیبلیٹیشن) ایکٹ 2014 بشمول ترامیم 2025 کے تحت نظرثانی شدہ تمام نرخ 16 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے۔

نئے نرخوں کے تحت دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کا معاوضہ 15 لاکھ روپے سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔

اعضاء متاثر ہونے یا معذوری کی صورت میں شدید زخمیوں کی امداد 5 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ 50 ہزار روپے، جبکہ معمولی زخمیوں کا معاوضہ 2 لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع نصیر آباد میں سیلابی صورتحال، ایف سی بلوچستان نارتھ کا بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن

رہائشی مکانات کے مکمل نقصان پر معاوضہ 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر ایک لاکھ سے بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ تجارتی مراکز اور دکانوں کی مکمل تباہی پر 7 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ جزوی نقصان پر 2 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ گائے، بھینس یا گھوڑے کے ضیاع پر معاوضہ 40 ہزار سے بڑھا کر 70 ہزار روپے، اور بھیڑ بکری کے نقصان پر 10 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

کارگو کے مکمل نقصان پر بکنگ سلپ کا 50 فیصد اور جزوی پر 15 فیصد دیا جائے گا، جبکہ ہیوی و لائٹ گاڑیوں کا معاوضہ کر کے الگ رقم طے ہوگی، تاہم انشورنس شدہ گاڑیاں اس کی اہل نہیں ہوں گی۔

محکمہ داخلہ نے ضلعی کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام کیسز واقعے کے 2 ہفتوں کے اندر مکمل کر کے امداد کی بروقت اور شفاف فراہمی یقینی بنائی جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔