آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کا آغاز

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 انتخابی حلقوں اور مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی کے 9 انتخابی حلقوں پر پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
صبح 8 بجے سے شروع ہونے والا پولنگ کا یہ عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 344 امیدوار میدان میں ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں 208 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، جن میں سے مظفرآباد کی نشستوں پر 155 اور وادی نیلم کی 2 نشستوں پر 51 امیدوار مدِمقابل ہیں۔ اس کے علاوہ مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 نشستوں پر 126 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : محسن نقوی نظام کی تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں، خواجہ آصف
انتخابات میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اور استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کا بڑا معرکہ ہو رہا ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کے نو انتخابی حلقوں میں 8 لاکھ 9 ہزار 621 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس عظیم الشان انتخابی عمل کے لیے ڈویژن بھر میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن اور 2 ہزار 219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پر سامان کی ترسیل سمیت تمام ضروری انتظامی امور اور عملے کی تعیناتی مکمل کی جا چکی ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں امن و امان کی صورتحال بلکل نارمل اور پرامن ہے اور انتخابی عمل انتہائی پرامن ماحول میں جاری ہے۔
الیکشن کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانے کے لیے ووٹنگ کے عمل میں بھرپور شرکت کریں۔
انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کی جانب سے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خاص و سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ تمام ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












