محسن نقوی نظام کی تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں، خواجہ آصف

خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں نظام میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے کرنے کا مشورہ دے دیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے موجودہ نظام پر کی جانے والی تنقید پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی نے سسٹم کی کسمپرسی پر جن خیالات کا اظہار کیا ہے، ذاتی طور پر وہ ان سے کم و بیش اتفاق کرتے ہیں، لیکن محسن نقوی تو خود ایک بڑا پاور ہاؤس ہیں۔ موجودہ سسٹم دہائیوں سے ذاتی مفادات کے تابع ہے جسے آزاد کرانے کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سسٹم میں تبدیلی لانے کے لیے پارلیمنٹ کا ادارہ موجود ہے، جس کے محسن نقوی خود رکن ہیں، جبکہ اس معاملے کو کابینہ میں بھی زیر بحث لایا جا سکتا ہے، جس سے نظام مضبوط ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر انتخابات، خواجہ آصف کا علیم خان سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ
انہوں نے مزید کہا کہ تاہم اتفاق یہ ہے کہ محسن نقوی پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاس کبھی کبھار ہی اٹینڈ کرتے ہیں۔ اداروں کو نظر انداز کر کے تاجر برادری کے سامنے باتیں کرنے کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔
خواجہ آصف نے یاد دہانی کرائی کہ محسن نقوی پچھلے 3.5 سال سے اس نظام کے انتہائی طاقتور عہدوں پر فائز ہیں، وہ نظام کی تبدیلی پر پہلے بھی بات کر سکتے تھے، لیکن چلیں دیر آید درست آید۔
ان کا کہنا تھا کہ ملٹری ترجمان نے نیشنل ایکشن پلان کے 13 نکات کا ذکر کیا تھا، جن میں سے ایک پوائنٹ جو مسلح افواج کے ذمے تھا، اس پر تو جانوں کی قربانیاں دے کر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، لیکن باقی 12 پوائنٹس کی ذمہ داری وزارت داخلہ کی ہے جن پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ وزیر داخلہ سسٹم میں تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرا کے کریں۔ انہوں نے کہا کہ صرف تاجر برادری ہی نہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












