حافظ نعیم الرحمان کا قومی ڈائیلاگ اور تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلانے کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملکی صورتحال پر جاری ویڈیو بیان میں قومی ڈائیلاگ اور تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملکی صورتحال پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام چلانے والوں نے اپنی ناکامی کا اعتراف کر لیا ہے۔
انہوں نے تمام فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ دل بڑا کر کے قومی ڈائیلاگ کا آغاز کریں اور یہ عزم کریں کہ آئندہ عوام کی رائے پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈالا جائے گا۔
انہوں نے ترمیم کے ذریعے یرغمال بنائی گئی عدلیہ کو آزاد کرنے، ججز کی تعیناتی میرٹ پر کرنے اور ملک میں انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر کرانے کی تجویز دی تاکہ موروثی سیاسی نظام کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : محسن نقوی نظام کی تبدیلی کا آغاز اپنی وزارت سے کریں، خواجہ آصف
حافظ نعیم الرحمان نے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے، ان کے بروقت انتخابات اور آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے لیے واضح چیپٹر شامل کرنے کی بات کی۔
انہوں نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے بڑا جرگہ یا قومی کمیشن تشکیل دینے اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری کام شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ صنعت و زراعت کی ترقی کے لیے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات سستی کی جائیں اور کیپیسٹی پیمنٹ کی مد میں عوام پر ڈالے گئے بوجھ کو ختم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جاگیرداری نظام کا خاتمہ کر کے کارپوریٹ فارمنگ کے بجائے کوآپریٹو فارمنگ کو فروغ دیا جائے اور تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








