پیر، 3-اگست،2026
پیر 1448/02/20هـ (03-08-2026م)

مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے سادہ اکثریت حاصل کر لی، رانا ثناءاللہ

03 اگست, 2026 14:17

رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام نے بتایا کہ مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 23 نشستیں جیت کر حکومت سازی کے لیے واضح اور سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔

اسلام آباد میں ایک اہم نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو چکا ہے، جس میں 20 نشستوں پر ووٹنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کی 9 میں سے 7 نشستوں پر انتخابی عمل مکمل ہو گیا جبکہ ایل اے 27 میں خراب موسم کی وجہ سے پولنگ ملتوی ہوئی۔ دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 نشستوں پر کامیابی اپنے نام کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن کی واضح برتری، 13 سیٹیں اپنے نام کرلیں

انہوں نے مزید کہا کہ اس کامیابی کے بعد 45 نشستوں کے ایوان میں مسلم لیگ ن کے پاس کل 23 نشستیں آ چکی ہیں، جس کی بدولت پارٹی نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے ضروری سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔ مجموعی طور پر مہاجرین کی 12 نشستوں میں سے 10 پر مسلم لیگ ن کے امیدوار فتح یاب ہوئے ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے نواز شریف کے ترقیاتی وژن کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے تمام کامیاب امیدواروں کو مرکزی قیادت کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ عوامی مینڈیٹ کے ذریعے علاقے کے تمام نظریاتی، مالیاتی اور سیاسی مسائل حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے آغاز سے ہی پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا واویلا مچانا شروع کر دیا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے جمہوریت کی فتح کو یقینی بنایا ہے اور الیکشن کا پرامن انعقاد الیکشن کمیشن اور مقامی انتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے محض نعروں کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔