آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ ن کی واضح برتری، 13 سیٹیں اپنے نام کرلیں

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 5 نشستیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں پاکستان مسلم لیگ ن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 نشستیں اپنے نام کیں۔
اس مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے 8 حلقوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہوا، تاہم حلقہ ایل اے 27 میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ووٹنگ کا عمل ملتوی کر دیا گیا، جہاں تمام 196 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ نہیں ڈالے جا سکے۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے نیلم ویلی، جموں اور کشمیر ویلی کی بیشتر نشستوں پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے، جبکہ پیپلز پارٹی نے مظفرآباد اور کشمیر ویلی کے 5 حلقوں میں میدان مارا۔
حلقہ وار تفصیلات کے مطابق ایل اے 30 مظفرآباد 4 کے تمام 129 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت مسلم لیگ ن کے مصطفیٰ بشیر عباسی 17749 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور پیپلز پارٹی کے مبشر منیر اعوان 11947 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 35 جموں 2 کے تمام 142 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق مسلم لیگ ن کے چوہدری محمد اسماعیل 23893 ووٹ لے کر پہلے اور آزاد امیدوار سردار محمد غیاث 5868 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں : حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق کی کشمیری مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کے مطالبے پر شدید تنقید
ایل اے 36 جموں 3 کے تمام 140 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں مسلم لیگ ن کے محمد احسن رضا 27218 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے احسن اسماعیل 12980 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 37 جموں 4 کے تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے مطابق مسلم لیگ ن کی مریم جاوید نے 28664 ووٹ حاصل کر کے کامیابی اپنے نام کی، جبکہ جموں کشمیر یونائیٹڈ موومنٹ کے عثمان علیم 22827 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 کے 19 پولنگ اسٹیشنز سے مسلم لیگ ن کے محمد عامر شاہ 1804 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آزاد امیدوار صباء دیوان 1523 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔
ایل اے 42 کشمیر ویلی 3 کے 43 پولنگ اسٹیشنز سے مسلم لیگ ن کے سید شوکت علی شاہ 1524 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور پیپلز پارٹی کے محمد عاصم شریف 477 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 کے 10 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے تحت مسلم لیگ ن کے محمد یاسین لون 1276 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ 563 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 44 کشمیر ویلی 5 کے 27 پولنگ اسٹیشنز سے مسلم لیگ ن کے محمد احمد رضا قادری 2308 ووٹ لے کر فاتح رہے، جبکہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی مہرالنساء 740 ووٹ حاصل کر سکیں۔
ایل اے 45 کشمیر ویلی 6 کے 41 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے تحت پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان 3448 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے خواجہ محمد دلاور 823 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن عمل مکمل ہونے کے بعد اب بھی مختلف حلقوں سے حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم موجودہ صورتحال کے مطابق مسلم لیگ ن حکومت سازی کی دوڑ میں سب سے آگے دکھائی دے رہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











