کراچی : ولیکا اسپتال ایچ آئی وی معاملہ، 37 افسران و ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری

کراچی کے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے معاملے پر سیسی نے سنگین غفلت اور کوتاہی پر سابق اور موجودہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت 37 افسران و ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔
کراچی کے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے افسوسناک واقعے پر سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کی جانب سے بڑی کارروائی کی گئی ہے۔
جامع انکوائری کمیٹی کی تحریری رپورٹ کی روشنی میں سیسی انتظامیہ نے 37 افسران اور عملے کے اراکین کو فائنل شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو کے مطابق حتمی شوکاز نوٹس پانے والوں میں سابق اور موجودہ اعلیٰ افسران، ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی بندرگاہ پر ایک لیٹر پیٹرول 195 اور ڈیزل 254 روپے کا پڑا، اوگرا کی رپورٹ جاری
ان افراد میں 10 اسٹاف نرسز، 7 نرس ایڈز، 5 لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز، 2 کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشنز، 2 آڈٹ افسران اور 2 سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سابق میڈیکل سپروائزر، میٹرن اور ڈپٹی میڈیکل آفیسر کو بھی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔
سیسی کمشنر نے بتایا کہ تمام 37 افراد پر اسپتال کے اندر مبینہ سنگین غفلت، فرائض میں مجرمانہ کوتاہی اور مریضوں کی مؤثر نگرانی نہ کرنے کے سخت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے بعد تمام متعلقہ ملازمین کو نوٹسز موصول کروا دیے گئے ہیں۔
نوٹس حاصل کرنے والے ملازمین کو 14 دنوں کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ انہیں ذاتی شنوائی کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
سیسی کمشنر نے واضح کیا کہ مقررہ 14 دنوں کے اندر جواب نہ جمع کرانے کی صورت میں قصوروار افراد کے خلاف قانون کے مطابق یکطرفہ سخت کارروائی کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











