سوات کبل دھماکہ: مزید 2 پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید، مجموعی تعداد 17 ہو گئی

سوات کے علاقے کبل میں تھانے کے گیٹ پر ہونے والے خودکش حملے کے مزید 2 زخمی پولیس اہلکار دوران علاج شہید ہو گئے، جس کے بعد شہداء کی تعداد 17 ہو گئی۔
سوات کے علاقے کبل میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر ہونے والے ہولناک خودکش حملے کے مزید 2 زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں میں سپاہی مکرم خان اور سپاہی حسین خان شامل ہیں، جس کے بعد اس خودکش حملے میں کل شہداء کی تعداد بڑھ کر 17 ہو گئی، جن میں 7 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔اس وقت سوات کے اسپتال میں 13 شدید زخمی پولیس اہلکار زیرِ علاج ہیں، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکہ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات نے ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت یعنی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ تمام طبی عملے اور ڈاکٹروں کی رخصت منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
سوات کے تمام بنیادی اور ثانوی مراکزمیں ادویات، سرجیکل سامان اور خون کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ زخمیوں کی جان بچائی جا سکے۔
دوسری جانب اس دھماکے کا باقاعدہ مقدمہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ یہ ایف آئی آر دہشت گردی کی سخت دفعات 7 اے ٹی اے کے تحت نامعلوم حملہ آوروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف درج کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











