پیر، 3-اگست،2026
پیر 1448/02/20هـ (03-08-2026م)

خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال گروپوں میں صلح کی کوششیں ناکام، کارکنان میں کشیدگی برقرار

03 اگست, 2026 14:39

کراچی میں ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز پر صورتحال بظاہر معمول پر آ گئی، تاہم مذاکرات ناکام ہونے سے خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کے گروپوں میں کشیدگی بر قرار ہے۔

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی دفتر بہادر آباد میں گزشتہ روز ہونے والے پرتشدد تصادم کے بعد علاقے میں سیکورٹی سخت ہے اور معمولاتِ زندگی بحال ہو چکے ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال کے گروپوں کے درمیان صلح کی تمام کوششیں ناکام ہو گئی ہیں اور دونوں فریقین کے درمیان تنازع جوں کا توں موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق رات گئے ایک نامعلوم مقام پر دونوں گروپوں کے نمائندوں کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے لیکن ان کا کوئی مثبت نتیجہ نہ نکل سکا، جس کی وجہ سے کارکنوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ گزشتہ شب بہادر آباد مرکز پر ہونے والے اس شدید تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 کارکن زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز میں دو گروپوں کے درمیان تصادم، ایک کارکن زخمی

موجودہ تنازع کی بنیادی وجہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت ہے، کیونکہ مصطفیٰ کمال گروپ چیئرمین شپ کے عہدے سے کم پر کسی بھی صورت بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

دوسری جانب خالد مقبول صدیقی کے قریبی ساتھیوں نے انہیں مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی سے فوری طور پر علیحدہ ہو جانے کا مشورہ دے دیا ہے۔

اگرچہ مصطفیٰ کمال گروپ نے اپنے کارکنوں کو ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی ہدایت کی ہے، لیکن اختلافات کی خلیج مسلسل بڑھ رہی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان میں اب فوری انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے بجائے پرانے اور نئے چہروں کی انٹری کا قوی امکان پیدا ہو گیا ہے۔

بہادر آباد مرکز میں ہونے والے اس پرتشدد واقعے کے بعد مہاجر قومیت پر سیاست کرنے والے دیگر رہنما بھی سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں اور وہ تمام رہنما جو طویل عرصے سے خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سے دور تھے، اس مسئلے کے کسی مستقل حل کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔