ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز میں دو گروپوں کے درمیان تصادم، ایک کارکن زخمی

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بہادر آباد مرکز پر پارٹی کے دو گروپوں کے درمیان شدید مسلح تصادم کے بعد عمارت کو تالا لگا دیا گیا، فائرنگ سے ایک کارکن زخمی ہوگیا۔
کراچی کے علاقے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز میں پارٹی کے دو گروپوں کے درمیان شدید تصادم ہوگیا، جس کے بعد بہادر آباد مرکز کو تالا لگا کر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعينات کر دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پارٹی چیئرمین شپ کے معاملے پر مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی کے حامی کارکنان کے درمیان تنازع پیدا ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید لڑائی میں تبدیل ہو گیا۔
پارٹی کے اندرونی اختلافات اور جشن آزادی سے متعلق جاری اہم اجلاس کے دوران رابطہ کمیٹی کے کمرے میں دوسرے گروپ کے داخلے پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں چلائیں۔ اس ہنگامہ آرائی کے دوران مشتعل افراد نے سینئر رہنماؤں اور ارکانِ پارلیمنٹ کو بھی نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم پاکستان تین حصوں میں تقسیم، فاروق ستار گروپ نے خالد مقبول سے استعفیٰ مانگ لیا
لڑائی کی شدت بڑھنے پر ایک گروپ نے قریب واقع پارک میں پناہ لی جبکہ دوسرے گروپ نے بہادر آباد مرکز پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
اسی دوران نامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی ہوائی فائرنگ اور گولیاں چلنے سے ایک کارکن زخمی ہو گیا، جبکہ 12 سے زائد افراد معمولی زخمی ہوئے۔
یہ تمام واقعہ اس وقت پیش آیا، جب اجلاس کی صدارت چیئرمین خالد مقبول صدیقی کر رہے تھے اور وہاں امین الحق، صبحیں غوری سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ اور عہدیدار موجود تھے۔
صورتحال کی خرابی کے بعد میڈیا کو تفصیلات بتانے کے لیے بلائی گئی ہنگامی پریس کانفرنس بھی وقت مقررہ سے 10 منٹ پہلے ملتوی کر دی گئی۔
مرکز اور اس کے اطراف کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











