بینک اپنے کاروباری ماڈلز ازسرنو ترتیب دیں، نجی شعبے کی فنانسنگ بڑھائی جائے: گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکاری شعبے پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے کاروباری ماڈلز کو ازسرنو ترتیب دے کر ڈپازٹس میں اضافہ اور نجی شعبے کے لیے فنانسنگ کو وسعت دے، کیونکہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے بینکاری شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے 11ویں پاکستان بینکاری ایوارڈز 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بینکاری شعبہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم اسے بدلتی ہوئی معاشی ضروریات کے مطابق اپنے کاروباری طریقہ کار میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ صحت مند مسابقت کو فروغ دیں اور صارفین کو پرکشش منافع کے ساتھ معیاری بینکاری خدمات بھی فراہم کریں۔
گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے اختتام تک پاکستان کے بینکاری شعبے کے اثاثے 69 ہزار ارب روپے تک پہنچ گئے، جبکہ جون 2026 تک بینکوں کے ڈپازٹس 43 ہزار ارب روپے کی سطح پر پہنچ چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بینکاری شعبے کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم اب بھی پاکستان میں بینکنگ اثاثے اور ڈپازٹس مجموعی ملکی پیداوار کے تناسب سے دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کے مقابلے میں کم ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کاروباری ماڈلز میں تبدیلی لاتے ہوئے نجی شعبے کو زیادہ مؤثر انداز میں فنانسنگ فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈپازٹس میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان رقوم کو پیداواری شعبوں میں بروئے کار لانا بھی ضروری ہے تاکہ سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ایک مضبوط اور متحرک بینکاری نظام ناگزیر ہے، جبکہ نجی شعبے کی مالی ضروریات پوری کرنے میں بینکوں کو اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نے ملکی اور بیرونی سطح پر آنے والے مختلف دھچکوں کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بینکاری شعبے کو نئی ضروریات اور مارکیٹ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق اپنی حکمت عملی تشکیل دینا ہوگی۔
انہوں نے بینکوں کے درمیان مسابقت کو معیشت اور صارفین دونوں کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالیاتی اداروں کو صارفین کو بہتر سہولیات، مسابقتی منافع اور معیاری خدمات فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












