جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

تیل کی قیمتیں میں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ میں روز قیمتیں بدلتی ہیں، علی پرویز ملک

20 اگست, 2026 17:06

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتیں میں نہیں بدلتا، عالمی مارکیٹ میں روز قیمتیں بدلتی ہیں۔

پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ان پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ روزانہ قیمتیں تبدیل کرتے ہیں۔ میں اپنی مرضی سے قیمتیں تبدیل نہیں کرتا بلکہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق فیصلوں پر عملدرآمد کرنا پڑتا ہے۔

علی پرویز ملک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں۔ ہر جمعے کو قیمتوں میں تبدیلی کا کوئی الگ اصول نہیں ہے۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو اسی حساب سے ایڈجسٹ کرنا پڑتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت عالمی منڈی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ وہ ذاتی طور پر روز قیمتیں بڑھاتے یا کم کرتے ہیں۔

علی پرویز ملک نے توانائی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 20 سال بعد پاکستان میں سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے دوبارہ کام شروع کیا گیا ہے۔ توانائی کے شعبے میں نئی تلاش ملک کی مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں اہم ثابت ہوسکتی ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ کیے بغیر بھی حکومت نے ایسے اقدامات کیے جن سے پاور سیکٹر کی طلب میں کمی کے باوجود گردشی قرضے میں اضافہ نہیں ہوا۔ توانائی کے شعبے میں مالی مسائل کو قابو میں رکھنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی روشنی میں مختلف اقدامات کررہی ہے۔ توانائی کے شعبے میں فیصلے کرتے وقت ملکی ضروریات کے ساتھ عالمی اور مالی حالات کو بھی سامنے رکھا جاتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے گزشتہ روز ڈیزل کی قیمتوں میں دیے گئے ریلیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں ریفائنری نے بات مان لی، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت میں کمی ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صارفین کو ریلیف دینے کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں مسلسل تبدیلی ایک ایسا عنصر ہے جسے مکمل طور پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ ریفائنری اپ گریڈیشن کے لیے جلد معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے ملک کے توانائی کے شعبے میں مزید بہتری لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔