اسپتال کی تعمیر پر تنازع ، ہنگو میں جے یو آئی کے سابق تحصیل ناظم سمیت 3 افراد قتل

طلاق کا نوٹس بھیجنے پر شوہر نے بیوی کو موت کے گھاٹ اُتار دیا
ہنگو: ہنگو میں اسپتال کی تعمیر کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ ٹل کی حدود میں واقع علاقے چھپری وزیران میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک فریق کے دو افراد جبکہ دوسرے فریق کا ایک شخص جاں بحق ہوا۔ فائرنگ کے دوران دوسرے فریق کا ایک شخص زخمی بھی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق تحصیل ناظم پیاؤ زار بھی شامل ہیں۔
ڈی پی او ہنگو نے بتایا کہ دونوں گروپوں کے درمیان چھپری وزیران میں بی ایچ یو اسپتال کے منصوبے کی جگہ کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپ چاہتے تھے کہ بنیادی مرکز صحت کی تعمیر ان کے اپنے علاقے میں کی جائے، جس پر فریقین کے درمیان اختلاف شدت اختیار کرگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










