پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کو بھی کھلے رہیں گے

محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہفتہ کے روز بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت شہری ہفتہ کو بھی اپنے تیار پاسپورٹس متعلقہ ڈلیوری کاؤنٹرز سے وصول کر سکیں گے۔
محکمہ پاسپورٹس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ہفتہ وار خصوصی سروس کے دوران ملک بھر کے پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کام کریں گے۔ یہ سہولت ان افراد کے لیے بھی مفید ہوگی جو معمول کے دفتری اوقات میں پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے کاؤنٹرز پر نہیں پہنچ پاتے۔
اعلامیے کے مطابق ہفتہ کے روز ڈلیوری کی یہ اضافی سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی، جس کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹس کی بروقت وصولی کے لیے مزید آسانی فراہم کرنا ہے۔
محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تیار پاسپورٹس مقررہ مدت کے اندر وصول کرلیں۔ حکام کے مطابق چھ ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے تحت تلف کیے جا سکتے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی تیاری کے بعد اسے غیر ضروری تاخیر کے بغیر متعلقہ ڈلیوری کاؤنٹر سے حاصل کرلیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









