اپنا گھر اسکیم: ہاؤسنگ فنانسنگ 313 ارب روپے سے تجاوز کرگئی

اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کے تحت شہریوں کو گھر بنانے یا خریدنے کے لیے فراہم کی جانے والی مالی معاونت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد اسکیم کے تحت مجموعی ہاؤسنگ فنانسنگ 313 ارب روپے سے تجاوز کرگئی۔
مشیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق جون 2026 سے اب تک اسکیم کے تحت 53 ہزار 100 سے زائد قرضے منظور کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران منظور شدہ قرضوں کی تعداد میں 111 فیصد اضافہ ہوا، جو ہاؤسنگ فنانس کی طلب میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں 8 ہزار 700 سے زائد قرضے جاری کیے گئے، جن میں 83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسکیم کے تحت 45 ارب روپے سے زائد کی رقم بھی جاری ہوچکی ہے، جبکہ جاری کردہ رقم میں تقریباً 120 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مشیر خزانہ کے مطابق ہاؤسنگ فنانس میں ہونے والی پیش رفت کے مثبت اثرات تعمیراتی شعبے پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ گھروں کی تعمیر میں تیزی سے سیمنٹ، اسٹیل اور دیگر تعمیراتی سامان کی طلب بڑھنے کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافے کی توقع ہے۔
خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں رہائشی مکانات کی کمی تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے وسیع امکانات پیدا کر رہی ہے۔ کم لاگت کے گھروں، ہاؤسنگ منصوبوں، موسمیاتی اثرات سے محفوظ تعمیرات اور توانائی کی بچت پر مبنی رہائشی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
ان کے مطابق ہاؤسنگ فنانس کے نظام میں بہتری گھروں کی طلب کو معاشی سرگرمی میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ہاؤسنگ شعبے میں بڑھتی ہوئی سرگرمی سے تعمیرات کے ساتھ کاروبار، روزگار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









