ہفتہ، 5-ستمبر،2026
ہفتہ 1448/03/23هـ (05-09-2026م)

فون تبدیل کرتے وقت ڈیٹا کی حفاظت میں معمولی غفلت بھی خطرناک

05 ستمبر, 2026 10:15

موبائل فون تبدیل کرتے وقت ذاتی ڈیٹا کو محفوظ طریقے سے نئی ڈیوائس میں منتقل کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ معمولی سی غفلت حساس معلومات کے غیر مجاز استعمال، چوری اور بلیک میلنگ کا سبب بن سکتی ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہر آصف اقبال نے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز کے تحفظ کے حوالے سے صارفین کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ غیر معتبر دکانوں سے ڈیٹا ٹرانسفر کرانے یا مشکوک ایپس انسٹال کرنے سے ذاتی معلومات تک غیر مجاز رسائی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

موبائل فون میں ذاتی تصاویر، ویڈیوز، پیغامات، رابطہ نمبرز اور دیگر حساس معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔ فون تبدیل کرنے، مرمت کرانے یا ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں ڈیٹا منتقل کرتے وقت اگر مناسب احتیاط نہ کی جائے تو یہ معلومات غلط ہاتھوں میں جا سکتی ہیں۔

بعض صورتوں میں صارفین کا ڈیٹا غیر مجاز طور پر کاپی یا منتقل کیے جانے کا خدشہ رہتا ہے۔ چوری کی گئی تصاویر، ویڈیوز یا دیگر نجی معلومات بعد میں فروخت کرنے، ہراساں کرنے یا بلیک میلنگ کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

ماہر نے مشورہ دیا کہ موبائل فون کی مرمت یا ڈیٹا ٹرانسفر کا کام ممکن ہو تو اپنی موجودگی میں کرایا جائے اور کسی غیر متعلقہ شخص کو حساس معلومات تک غیر ضروری رسائی نہ دی جائے۔ اسی طرح ڈیوائس میں مضبوط پاس ورڈ، فنگر پرنٹ یا دیگر دستیاب سکیورٹی فیچرز لازمی فعال رکھنے چاہئیں۔

فون گم یا چوری ہونے کی صورت میں مضبوط سکیورٹی انتظامات ذاتی معلومات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صارفین کو چاہیے کہ ڈیوائس لاک کے ساتھ ساتھ اہم اکاؤنٹس کے لیے بھی مضبوط اور منفرد پاس ورڈز استعمال کریں۔

موبائل ایپس کے استعمال میں بھی خصوصی احتیاط ضروری ہے۔ کسی غیر معروف ایپ کو انسٹال کرنے سے پہلے اس کے ڈویلپر، ریٹنگ، صارفین کے جائزوں اور ایپ کی جانب سے طلب کی جانے والی اجازتوں کا جائزہ لینا چاہیے۔

کئی ایپس انسٹالیشن کے دوران گیلری، مائیکروفون، کانٹیکٹس اور لوکیشن سمیت مختلف معلومات تک رسائی مانگتی ہیں۔ صارفین کو صرف ضرورت کے مطابق اجازت دینی چاہیے جبکہ غیر ضروری رسائی کو بند رکھنا زیادہ محفوظ طریقہ ہے۔

خاص طور پر وہ افراد جن کے فون میں حساس تصاویر، ویڈیوز یا نجی معلومات موجود ہوں، انہیں ڈیوائس کی سکیورٹی اور ایپس کی اجازتوں کے معاملے میں اضافی احتیاط برتنی چاہیے تاکہ ذاتی ڈیٹا کے غلط استعمال کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔