جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

یوٹیوب میں بڑی تبدیلی، فون سے ٹی وی کنٹرول کرنا مزید آسان ہوگیا

03 ستمبر, 2026 13:00

یوٹیوب صارفین کے لیے ایک اہم تبدیلی متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے بعد اسمارٹ فون کو ٹی وی سے منسلک کرکے یوٹیوب استعمال کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔

نئے فیچر کے تحت فون اور ٹی وی کا ایک ہی وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک ہونا ضروری نہیں ہوگا۔ دونوں ڈیوائسز پر ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے سائن اِن ہونا کافی ہوگا، جس کے بعد یوٹیوب انہیں خود پیئر کر دے گا۔

گوگل نے یوٹیوب ہیلپ فورم کے ذریعے اس تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئے نظام میں اسمارٹ فون کو صرف ریموٹ یا کاسٹنگ سورس کے بجائے ’کمپینن‘ ڈیوائس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

جب ٹی وی پر یوٹیوب کی کوئی ویڈیو چل رہی ہوگی اور صارف اپنے فون میں یوٹیوب ایپ کھولے گا تو اسے ’کمپینن پینل‘ نظر آئے گا۔ اس پینل میں ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو سے متعلق مختلف پلے بیک کنٹرولز دستیاب ہوں گے۔

صارف ہوم اسکرین کے اوپر موجود ڈیوائس آئیکون پر کلک کرکے بھی اس پینل کو دوبارہ کھول سکتا ہے۔ اس کے ذریعے ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کو فون سے لائیک کرنے، کمنٹ کرنے اور متعلقہ چینل کو سبسکرائب کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

اس دوران صارف موبائل ایپ پر دیگر ویڈیوز تلاش کرنے یا شارٹس دیکھنے کے ساتھ ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو بھی کنٹرول کر سکے گا۔

گوگل کے مطابق صارفین کی جانب سے یہ شکایت سامنے آتی رہی ہے کہ ٹی وی پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کمنٹ لکھنا، ویڈیو کی تفصیل پڑھنا یا کسی چینل کو سبسکرائب کرنا مشکل ہوتا ہے۔ نئے فیچر کا مقصد انہی مشکلات کو دور کرنا ہے۔

اس فیچر کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور اسے مرحلہ وار مزید صارفین تک پہنچایا جائے گا۔ توقع ہے کہ جلد ہی یہ سہولت تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔