7 ستمبر سے نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی سہولت دستیاب

ای پاسپورٹ کے حصول کے خواہش مند شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت 7 ستمبر سے ملک بھر کے نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ترجمان کے مطابق کراچی سمیت پاکستان بھر میں قائم نادرا سینٹرز سے شہری اپنے ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کرا سکیں گے۔ تاہم نئے ای پاسپورٹ کا اجرا، پاسپورٹ میں تبدیلی اور نئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا اجرا متعلقہ پاسپورٹ دفاتر سے ہی کیا جائے گا۔
نئے انتظام کے تحت نادرا دفاتر میں قائم پاسپورٹ کاؤنٹرز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا جبکہ وہاں تعینات پاسپورٹ عملے کو واپس بلایا جائے گا۔ نادرا سینٹرز پر ای پاسپورٹ سے متعلق سہولت محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت فراہم کی جائے گی۔
جدید ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کا بائیومیٹرک اور ذاتی ڈیٹا محفوظ ہوگا۔ یہ پاسپورٹ بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے ادارے (ICAO) کے مقرر کردہ عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
ای پاسپورٹ میں این ایف سی چِپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سمیت جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے، جن کی مدد سے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی شناخت اور تصدیق کا عمل زیادہ محفوظ اور تیز بنایا جا سکے گا۔
دنیا کے 150 سے زائد ممالک پہلے ہی ای پاسپورٹ استعمال کر رہے ہیں، جبکہ متعدد ممالک نے سرحدی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے اور مسافروں کی شناخت کے عمل کو بہتر کرنے کے لیے اس نظام کو اپنایا ہے۔
پاکستانی ای پاسپورٹ رکھنے والے شہری دنیا بھر کے ایسے ہوائی اڈوں پر ای گیٹس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جہاں یہ نظام دستیاب ہے۔ ای پاسپورٹ کے اجرا سے موجودہ دستی نظام میں حائل رکاوٹیں کم کرنے کے ساتھ پاکستانی شہریوں کے لیے آن لائن درخواستوں کی کارروائی کو بھی مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ میں شامل جدید سیکیورٹی خصوصیات بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی مفید ثابت ہوں گی اور پاسپورٹ کی تصدیق کے عمل کو مزید محفوظ بنانے میں مدد دیں گی۔
ای پاسپورٹ کے اجرا اور متعلقہ سہولیات سے متعلق مزید معلومات ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










