اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

نادرا کی شہریوں کو بڑی سہولت، پاک آئی ڈی ایپ سے پیشگی اپائنٹمنٹ کی سہولت

07 ستمبر, 2026 11:15

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک اور سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب نادرا دفاتر میں طویل قطاروں اور غیر ضروری انتظار سے بچنے کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے پیشگی اپائنٹمنٹ حاصل کی جاسکے گی۔

نادرا کے مطابق شہری گھر بیٹھے اپنی سہولت کے مطابق متعلقہ نادرا دفتر کا انتخاب کرکے دستیاب اوقات میں اپائنٹمنٹ بک کرسکتے ہیں۔ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو مقررہ وقت کے قریب دفتر پہنچ کر کم انتظار کے ساتھ مطلوبہ شناختی خدمات فراہم کرنا ہے۔

نادرا نے حال ہی میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن بھی متعارف کرایا ہے، جس میں شہریوں کی سہولت کے لیے متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ نئی اپ ڈیٹ میں شناختی خدمات کے ساتھ شکایات کے اندراج اور شہریوں کے ریکارڈ سے متعلق مختلف سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ نئی اپ ڈیٹ کے بعد شہری پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو آن لائن شکایت بھی درج کراسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایپ میں فیملی ریکارڈ میں درستگی، دستخط اپ لوڈ کرنے اور شناختی دستاویزات سے متعلق مختلف ڈیجیٹل سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں۔

نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ میں متعارف کرائی گئی نئی سہولیات کا بنیادی مقصد شہریوں کو شناختی اور متعلقہ سرکاری خدمات تک آسان اور تیز رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے انہیں بار بار نادرا دفاتر کا رخ نہ کرنا پڑے۔

نئی اپ ڈیٹس کے بعد شہری گھر بیٹھے متعدد مراحل مکمل کرنے کے ساتھ ضرورت پڑنے پر نادرا دفتر جانے کے لیے اپنی اپائنٹمنٹ بھی پہلے سے حاصل کرسکیں گے۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے نئے فیچرز اور دیگر سہولیات سے متعلق مزید معلومات نادرا کے سرکاری ذرائع سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔