نوشکی میں بی اے پی ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو فائرنگ سے جاں بحق

نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے ضلعی صدر عبدالرحمان لانگو جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کلی بھٹو کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے عبدالرحمان لانگو کو ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 7 سے 8 تھی، جنہوں نے اچانک فائرنگ کی اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرحمان لانگو شدید زخمی ہوئے، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاش بھی شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق قتل کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم فوری طور پر حملے کے محرکات سامنے نہیں آسکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کا تعین کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے تحقیقات آگے بڑھائی جارہی ہیں۔
عبدالرحمان لانگو کا شمار نوشکی کی فعال سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلع نوشکی کے صدر ہونے کے علاوہ یونین کونسل باغک کے چیئرمین بھی تھے۔
واقعے کے بعد مقامی سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مختلف حلقوں کی جانب سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قتل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










