اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا یومِ فضائیہ پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین

07 ستمبر, 2026 11:13

صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء اور جوانوں کی شاندار کارکردگی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یومِ فضائیہ کے موقع پر ملکی قیادت کی جانب سے پاک فضائیہ کے نام الگ الگ پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شاہینوں نے ہمیشہ معرکہ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فضائی معرکوں میں قائم کی گئی برتری جرات مندانہ قیادت اور بہترین منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے اور دشمن کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو وہ ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : یومِ فضائیہ پر نیا اور جذباتی نغمہ ریلیز، شاہینوں کی شجاعت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر 1965 سے لے کر مئی 2025 کے معرکہ حق تک پاک فضائیہ نے ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے دیگر تمام مسلح افواج کے ساتھ بہترین ہم آہنگی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے دشمن کو ہر بار منہ توڑ جواب دیا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ فضائیہ ہمارے ہیروز اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے 1965 کی جنگ میں اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی شجاعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چند لمحوں میں دشمن کے 5 طیاروں کو تباہ کرنے کا ان کا ریکارڈ تاریخ کا سنہری باب ہے۔ قوم اپنے ان بہادر ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔