کندھ کوٹ کے قریب مسافر کوچ الٹنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے

کندھ کوٹ کے قریب مسافر کوچ الٹنے کے ہولناک حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں تھانہ تنگوانی کی حدود میں صیفل اسٹاپ کے مقام پر ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ٹھل سے لاہور کی طرف جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے عدم توازن کے باعث سڑک پر الٹ گئی۔
اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 20 سے زائد مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ میں تبلیغی جماعت کے افراد سوار تھے، جو لاہور جا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی اور گوادر پورٹس میں جدید سہولیات کے فروغ کیلئے حکومت کا اہم قدم، ڈریجنگ میں خود انحصاری
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ 5 افراد کی لاشوں اور 8 زخمیوں کو تنگوانی اسپتال جبکہ ایک لاش اور 8 زخمیوں کو کندھ کوٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت بیدل مغیری، نور محمد، حامد پہوڑ، امین سرکی، فیض محمد اور غلام سرور کے ناموں سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں عبد الستار، غلام یاسین، عبد الفتاح، عبد الحق، بابن اور محبوب علی شامل ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر سکھر کے بڑے اسپتال میں ریفر کر دیا گیا ہے۔
تمام جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور ضابطے کی معائنے کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں سے وہ اپنے آبائی گھروں کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










