جمعرات، 10-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/28هـ (10-09-2026م)

کراچی: فیس ایپ سے حاضری، دوسری جانب سرکاری اسکول میں بنیادی سہولیات کا فقدان

10 ستمبر, 2026 11:00

سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل حاضری کے نظام کے باوجود تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی کمی کا مسئلہ برقرار ہے۔

گورنمنٹ پرائمری اسکول جان محمد بروہی کی نئی عمارت چار سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوسکی، جس کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گورنمنٹ پرائمری اسکول جان محمد بروہی بھی ان سرکاری اسکولوں میں شامل ہے جہاں فیس ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل حاضری لگائی جاتی ہے، تاہم اسکول کی نئی عمارت تاحال نامکمل ہے اور طلبہ مناسب تعلیمی ماحول سے محروم ہیں۔

اسکول کی عمارت کی تعمیر میں چار سالہ تاخیر کے باعث متعدد طلبہ کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ نامکمل عمارت اور محدود جگہ نے بچوں کے لیے بیٹھنے اور تدریسی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا کردی ہیں۔

اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے مطابق بچوں کے بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ تک موجود نہیں، جبکہ عمارت کی تعمیر مکمل نہ ہونے سے اساتذہ کو بھی تدریسی امور انجام دینے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ نامکمل عمارت میں زیرِ تعلیم بچیاں خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں اور انہیں اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحفظ کے حوالے سے بھی تشویش ہے۔

چار سال سے تعمیراتی کام مکمل نہ ہونے اور متعدد شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونے پر والدین اور اساتذہ نے متعلقہ اداروں سے اسکول کی عمارت جلد مکمل کرنے اور طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسکول کی نامکمل عمارت سرکاری تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی نظام کی کارکردگی کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا رہی ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔