سرکاری ملازمتوں کےلیے عمر کی حد میں عمومی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری

بلوچستان حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے امیدواروں کیلئے عمر کی بالائی حد میں عمومی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی رعایت کے تحت عام امیدواروں، معذور افراد اور شہدا کے قانونی ورثا کیلئے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 43 سال مقرر کردی گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ایسے ملازمین جنہوں نے مسلسل دو سال کی سرکاری سروس مکمل کرلی ہے، ان کیلئے عمر کی بالائی حد 50 سال ہوگی۔ اس فیصلے سے ان سرکاری ملازمین کو بھی ملازمت کے مواقع مل سکیں گے جو مقررہ عمر کی حد کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ جن سرکاری اسامیوں کیلئے پہلے ہی زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 43 سال سے کم مقرر ہے، ان پر یہ عمومی رعایت لاگو نہیں ہوگی۔ ایسی اسامیوں کیلئے متعلقہ محکمہ کی جانب سے مقرر کردہ عمر کی حد ہی برقرار رہے گی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق عمر کی مقررہ حد میں اس رعایت کے علاوہ مزید کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ امیدواروں کو درخواست دیتے وقت اپنی متعلقہ آسامی کیلئے مقررہ عمر کی شرائط ضرور دیکھنا ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق عمر کی نئی رعایت نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے تین سال تک مؤثر رہے گی۔ اس عرصے کے دوران مقررہ شرائط پر پورا اترنے والے امیدوار سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواست دے سکیں گے۔
حکومت کے اس فیصلے کو سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند افراد کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ خاص طور پر 43 سال تک عمر رکھنے والے عام امیدواروں، معذور افراد اور شہدا کے قانونی ورثا کیلئے سرکاری نوکریوں کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









